آر پی او ڈیرہ غازی خان کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس، سرحدی و کچے کے علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے

جمعہ 26 ستمبر 2025 17:59

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس افسران، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، ٹرائی بارڈر ایریاز بالخصوص پنجاب۔

خیبر پختونخوا بارڈر اور کچہ ایریاز میں سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سرحدی داخلی و خارجی راستوں اور پہاڑی دروں پر کڑی نگرانی، حساس مقامات اور غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے اور سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

آر پی او ڈیرہ غازی خان نے ہدایت کی کہ ٹرائی بارڈر ایریاز میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سرچنگ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔

کچہ ایریا میں چیک پوسٹوں کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے اور فورس کی نقل و حرکت کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ہر ماہ حساس مقامات اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی آڈٹ رپورٹ مرتب کریں جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت زیادہ سے زیادہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔