الیکشن کمشنر سرگودہا کی زیر صدارت اجلاس،مرد و خواتین ووٹرز کے درمیان موجود فرق کو کم کرنے پر تبادلہ خیال کیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) ضلعی الیکشن کمشنر ارشد علی کی زیر صدارت آئی ڈی سی سی اور ڈی و ی ای سی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں اسسٹنٹ الیکشن کمشنر ابو بکر سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع سرگودھا میں آئی ڈی سی سی اور ڈی ایک کے نفاذ کے منصوبے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں ضلع سرگودھا میں مرد و خواتین ووٹرز کے درمیان موجود فرق کو کم کرنے اور ووٹرز کی آگاہی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسسٹنٹ الیکشن کمشنر نے سرگودھا میں موجودہ مرد و خواتین وٹرز کے درمیان فرق سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع میں اس طرح کی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ مزید برآں انہوں نے گزشتہ مہم کے اہم نکات اور دوران مہم در پیش مشکلات کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مردم شماری کے اعداد و شمار پیش کیےجس میں ضلع سرگودہا میں مرد اور خواتین کی آبادی تقریبا برابر ہے لیکن رجسٹر ڈ ہر دو خواتین ووٹرز میں تقریبا 6 فیصدکا فرق موجود ہے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ارشد علی نے نادرا کے نمائندے سے زندہ لوگوں کی اموات کے اندراج کے مسئلے کے بارے میں استفسار کیا، جس پر اسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عامر نے وضاحت کی کہ نادرا عارضی طور پر رپورٹ شدہ مرحوم شخص کے خاندان کے تمام سی این آئی سیز کو بطور تصدیقی طریقہ سے بلاک کرتا ہے اس پرمزید کام جاری ہے جلد ہی اس مسئلے کو حل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید معذور افراد کے لئے سہولیات کے بارے میں بتایا اور یہ بھی یقین دلایا کہ ایم آر ویز کے نفاذ کے شیڈول میں وہ علاقے شامل ہوں گے جہاں مردو خواتین ووٹرز میں فرق زیادہ ہیں، جیسا کہ اس دفتر نے گزشتہ اجلاس میں فراہم کیا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائر یکٹر کالجز نے کہا کہ نادرا ایم آر ویز کو سرکاری اور پرائیویٹ کالجز میں طلبہ کی رجسٹریشن کے لئے تعینات کیا جائے تاکہ جن مرد و خواتین کی رجسٹریشن کسی وجہ سے نہ ہو سکی ان کی رجسٹریشن کی جاسکے تاکہ مردوخواتین میں ووٹر رجسٹریشن کے فرق کو کم سے کم کیا جا سکے۔

ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے نمائندہ نے ٹرانسجینڈر افراد کے سی این آئی سیز کے مسائلپر بحث کی جس پر ڈپٹی ڈائر یکٹر لوکل گورنمنٹ کے نمائندےنے کہا کہ پہلا قدم لوکل گورنمنٹ سے برتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہے۔ بعد ازاں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا نے بتایا کہ درخواست دہندگان سی این آئی سی کے لیے نادرا آفس کا دورہ کر سکتے ہیں۔ڈس ایبل کمیونٹی کے نمائندے نے سی این آئی سیز بنوانے میں در پیش چیلنجز پر بات کی، جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا نے کہا کہ معذور افراد کو سہولت فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نادرا مراکز میں خصوصی کائونٹرز / ون ونڈوز قائم کی گئی ہیں تا کہ معذور افراد کو در پیش مسائل کو حل کیا جا سکے۔ اقلیتی برادری کے نمائندوں نے اپنے محروم کمیونٹیز کے سی این آئی سی اور ووٹر رجسٹریشن سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی، جس پر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر نے انہیں یہ ذمہ داری سونپی کہ ایسے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کریں جہاں مرد و خواتین کے فرق زیادہ ہیں تاکہ انہیں آنے والے ایم آر وی شیڈول میں شامل کیا جاسکے۔