مجسٹریٹ کا فوڈ اتھارٹی کی قبضے میں لی گئی اشیاء ملزم کو سپرداری پر دینے کا آرڈر کالعدم قرار

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے مجسٹریٹ کا جعلی بوتلیں اور بوتلیں بھرنے کے آلات ملزم کے سپرد کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس عہبر گل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر سماعت کی ۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ناصر چوہان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ 2019ء میں جعلی بوتلیں اور انہیں بھرنے کے آلات قبضے میں لیے گئے تھے۔

تاہم متعلقہ مجسٹریٹ نے ان اشیا کو ملزم کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا جو قانون کے تقاضوں اور انصاف کے اصولوں کے برعکس ہے۔ ایڈجشنک ایڈوکیٹ جنرل نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے جعلی مصنوعات اور خطرناک اشیاء کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ضبط شدہ اشیا کو دوبارہ ملزم کے سپرد کرنا نہ صرف عوامی مفاد کے خلاف ہے بلکہ اس سے ملزم کو دوبارہ غیر قانونی کاروبار جاری رکھنے کا موقع ملتا ہے۔

ناصر چوہان نے مزید کہا کہ ایسی سپرداری سے عوامی جان و صحت کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ مجسٹریٹ کا سپرداری پر دینے کا آرڈر غیر قانونی اور ناقابلِ عمل ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ ضبط شدہ جعلی بوتلیں اور آلات فوڈ اتھارٹی کے قبضے میں رہیں گے تاکہ انہیں عوام کے خلاف دوبارہ استعمال نہ کیا جا سکے۔