غزہ میں جنگ کے بعد ٹونی بلیئر حکمرانی کے خواہشمند برطانوی میڈیا کا دعویٰ

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:07

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2025ء) برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر غزہ میں جنگ بندی کے بعد عبوری انتظامیہ کی قیادت کے خواہشمند ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹونی بلیئر کے اس کردار کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور ان کی تجویز کو وائٹ ہاؤس کی حمایت بھی حاصل ہے۔ منصوبے کے تحت عبوری حکومت کو اقوام متحدہ اور خلیجی ممالک کی پشت پناہی حاصل ہوگی، جبکہ کچھ عرصے کے بعد اختیارات فلسطینی قیادت کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ منصوبہ ایک اسرائیلی بزنس مین کی قیادت میں تیار کیا گیا اور ‘‘دی گریٹ ٹرسٹ’’ نامی اس پروجیکٹ کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ اس منصوبے کے ایک حصے کے طور پر ‘‘غزہ ریویرا’’ کی تجویز بھی شامل ہے، جس کے تحت بحرِ متوسط کے ساحل پر ایک بڑا تفریحی اور تجارتی مرکز قائم کیا جانا ہے جس میں سرحدی و تجارتی زونز بھی شامل ہوں گے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلامی ممالک نے اسرائیلی وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اور عالمی سطح پر اسرائیل کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔