چیئرمین نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ،مختلف شعبہ جات کا معائنہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) چیئرمین نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کائونٹرنگ فنانسنگ آف ٹیررازم اتھارٹی پاکستان سابق آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ مشتاق احمد سکھیرا نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

ڈائریکٹر جنرل اے ایم ایل،سی ایف ٹی اتھارٹی احسان صادق ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین اے ایم ایل مشتاق سکھیرا نے ملکی معیشت کے تحفظ، مالیاتی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر یہ اتفاق رائے ہوا کہ منی لانڈرنگ اور فنانسنگ آف ٹیررازم کے مجرمان کے خلاف بین الصوبائی سطح پر یکساں میکانزم اپنایا جائے گا اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اعتماد میں لے کر مربوط کارروائیاں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیئرمین اے ایم ایل کو یقین دلایا کہ پنجاب پولیس اینٹی فنانشل کرائمز اور سٹینڈرڈز کے نفاذ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ چیئرمین اے ایم ایل مشتاق سکھیرا نے کہا کہ مالیاتی جرائم کے خلاف تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکساں میکانزم کی تشکیل اور کوششوں کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔سابق آئی جی پنجاب نے گزشتہ ڈھائی سال میں پنجاب پولیس کی تاریخی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کاوشوں کو سراہا۔

مشتاق سکھیرا نے سنٹرل پولیس آفس کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا اور پولیس انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار پر لے جانے پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان اکرم گوندل، ایس ایس پی سی ٹی ڈی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔