چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت میٹر مینوفیکچررز کا انٹرایکٹو اجلاس، بجلی چوری کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) لیسکو کے زیر اہتمام انرجی میٹرز سے متعلقہ بجلی چوری کے مسائل اور ان کے حل پر غور کیلئے میٹر مینوفیکچررز کے ساتھ دوسرا انٹرایکٹو اجلاس لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کی۔ اس سلسلے کا پہلا اجلاس 27 اگست کو میپکو ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا تھا، جس میں میٹر مینوفیکچررز اور متعلقہ افسران نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔

موجودہ اجلاس میں اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے نئے پہلووں اور تجاویز پر غور کیا گیا۔اس اجلاس میں میٹر مینوفیکچررز کو مدعو کیا گیا تاکہ وہ میٹرز کے ذریعہ ہونے والی بجلی چوری سے متعلق اپنے مشاہدات، سوالات اور تجاویز پیش کریں تا کہ ان کے مسائل کا عملی حل تلاش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

لیسکو کی جانب سے اس اجلاس کو انرجی میٹرز کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور تکنیکی مسائل کے حل کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو صارفین کو بہترین سروسز فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔ میٹر مینوفیکچررز کے ساتھ یہ انٹرایکٹو سیشنز اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم جدید تقاضوں کے مطابق بجلی چوری کو ختم کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا وقت پر بل ادا کرنے والے صارفین ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جبکہ بجلی چور معاشرے میں بد نما داغ ہیں۔

مزید برآں اجلاس میں پی پی ایم سی سے طفیل احمد شیخ(چیف انجینئر میٹر انسپکشن) ، رائے محمداصغر (جی ایم ٹیکنیکل لیسکو)، انجینئراعجاز بھٹی (ڈائریکٹر آپریشنز لیسکو) انجینئر عباس علی(ڈائریکٹرکسٹمر سروسز لیسکو ) فاروق عمر ،(چیف انجینئر ایم ایم لیسکو)،محمد جعفر (ڈی جی میراڈ)،عثمان جرال (چیف آئی ٹی لیسکو)، نثار سرور (چیف انجینئر ٹی این ڈیزائن لیسکو) کے علاوہ میپکو، گیپکو، فیسکو کے اعلی افسران نے شرکت کی اور اجلاس میں فعال کردار ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :