باجوڑپولیس نے قتل کیس میں ملوث دو ملزمان گرفتار کرلئے

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:30

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) باجوڑپولیس نے مقتول عمران قتل کیس میں ملوث دو ملزمان گرفتار کرلئے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق کی براہ راست نگرانی میں تھانہ سالارزئی پولیس/انوسٹیگیشن ٹیم نے کامیاب اور اہم کارروائی کرکے مقتول عمران سکنہ کوہی سالارزئی کے قتل میں ملوث ملزمان کو ٹریس کرکے باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان مقتول کے قریبی ہمسائے نکلے جنہوں نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔ایس۔پی انوسٹیگیشن کی قیادت میں تھانہ سالارزئی پولیس اور تفتیشی ٹیم نے انتھک محنت اور طویل جدو جہد کے بعد نامعلوم ملزمان کو ٹریس کیا اور مقتول عمران کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی۔واضح رہے کہ مقتول عمران کو تقریباً ایک سال قبل بے دردی سے قتل کیا گیا تھا اور ان کے اہل خانہ کسی قسم کی دعویداری نہیں کر پا رہے تھے، تاہم پولیس نے محنت اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے کیس کو حل کر دیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کی بنیادی وجہ ذاتی رنجش پائی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے کامیاب کارروائی پر ایس۔پی انوسٹیگیشن باجوڑ اور تفتیشی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر تفتیشی ٹیم کی پیشہ ورانہ محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اسی عزم و جذبے کے تحت جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جاتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :