ْوزیر اعلیٰ کا محفوظ سفر کا ویژن،پہلا ہیوی وہیکلز ڈرائیونگ ٹریننگ سکول قائم کرنے کا فیصلہ

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا مناواں ٹریفک پولیس لائنز کا دورہ اور سینئر افسران سے میٹنگ

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:15

ْوزیر اعلیٰ کا محفوظ سفر کا ویژن،پہلا ہیوی وہیکلز ڈرائیونگ ٹریننگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ سفر کے ویژن کے تحت سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اہم اقدام، پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا ہیوی وہیکلز ڈرائیونگ ٹریننگ سکول مناواں ٹریفک پولیس لائنز میں قائم کیا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مناواں ٹریفک لائنز میں زیر تعمیر ڈرائیونگ ٹریننگ سکول کا دورہ کیا اور سینئر افسران سے میٹنگ کی۔

اس موقع پر سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر، ڈی آئی جی ایس پی یو غازی صلاح الدین اور سی اے او سیف سٹیز ایس ایس پی عمارہ اطہر بھی موجود تھیں۔ہیوی وہیکلز ڈرائیونگ سکول میں بسوں، ٹرکوں اور گڈز ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کو جدید سیمولیٹرز، لیکچرز، قوانین سے آگاہی اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کامیاب ٹیسٹ کے بعد ڈرائیورز کو سرٹیفیکیٹس جاری ہوں گے جس سے روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے اور حادثات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ مناواں ٹریفک پولیس لائنز میں جدید سہولیات سے آراستہ نیا لائسنسنگ سنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے دورے کے دوران مختلف شعبوں بشمول ایم ٹی سیکشن، تکامل سنٹر اور ڈرائیونگ سکول کا بھی معائنہ کیا جہاں سی ٹی او لاہور نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔