سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنرکی الوداعی ملاقات

ہائی کمشنر نیل ہاکنز کا اپنی مدت ملازمت کے دوران دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر قانون و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنرنیل ہاکنز نے جمعہ کویہاں الوداعی ملاقات کی۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آسٹریلیا کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، بالخصوص انسانی حقوق کے فروغ کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے انسانی حقوق کے تحفظ، شمولیت اور تنوع کے فروغ کے لئے جاری تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان میں انسانی حقوق کے فریم ورک کو مزید موثر بنانے کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا جن میں نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق پر عملدرآمد اور پسماندہ طبقات کے تحفظ و بااختیار بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے اپنی مدت ملازمت کے دوران دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کی انسانی حقوق، مساوات اور سماجی انصاف کے فروغ کی کوششوں میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔