ماحولیات اور پائیدار ترقی کے حوالہ سے یونیورسٹی آف تربت کے زیراہتمام سیشن

ہفتہ 27 ستمبر 2025 01:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) ماحولیات اور پائیدار ترقی کے حوالہ سے یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ اکنامکس کے زیراہتمام سیشن منعقد کیا گیا ،سیشن کے کلیدی مقرر کوسٹل ہائیڈرو جیولوجسٹ ،ماہرماحولیات، محقق اور محکمہ آبپاشی بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر ریسورسز پلاننگ تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر میں سمندر کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے جو عالمی اوسط کے مقابلہ میں 10 سے 15 گنا زیادہ ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ضرورت سے زیادہ پانی کی پمپنگ اور منصوبہ بندی کے بغیر زمین کا استعمال شہر کے طویل المدتی استحکام اورپائیدارترقی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان خطرات کے تدارک کے لیے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سیشن میں شعبہ اکنامکس کے چیئرمین ڈاکٹر محمد یعقوب، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیم بلوچ،آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فدا احمد،ڈاکٹر شبیر، میر بجار بلوچ اور میر اشرف حسین کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اختتامی کلمات میں ڈاکٹر محمد یعقوب نے قیمتی وقت دینے اور اپنے علمی و تحقیقی تجربات طلبہ و اساتذہ کے ساتھ شیئر کرنے پرریسورس پرسن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے سیشنز طلبہ کی علمی اور تحقیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔