سیاحت کسی بھی ملک کی معاشی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 27 ستمبر 2025 13:51

سیاحت کسی بھی ملک کی معاشی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاحت کسی بھی ملک کی معاشی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے نہ صرف معیشت کو استحکام اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے بلکہ عوامی خوشحالی میں اضافہ ہوگا اور دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت اور روشن تشخص اجاگر ہوگا۔

ہفتہ کو عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی تنوع، قدرتی خوبصورتی، قدیم تہذیبوں اور مذہبی و ثقافتی ورثے کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پرکشش مرکز ہے۔ پاکستان کی پہچان صرف بلند و بالا پہاڑوں، صحراؤں اور ساحلی پٹیوں تک محدود نہیں بلکہ وادی کالاش کی روایات، گندھارا تہذیب کی شان و شوکت اور کرتارپور کوریڈور جیسے روحانی مراکز بھی پاکستان کو دنیا کی مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لیے منفرد اور اہم مقام عطا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے جامع ویزا پالیسی متعارف کرائی ہے اور یہ اقدامات نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیتے ہیں بلکہ پاکستان کے پرامن، مہمان نواز اور ذمہ دار ریاست ہونے کی تصویر کو دنیا کے سامنے اجاگر کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ معاشی ترقی، سماجی انصاف، ثقافتی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے ہم ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔