راحیلہ حمید خان درانی چیف آف پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن بلوچستان برانچ مقرر

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء) پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کے بلوچستان برانچ کے تحت منعقدہ ایک شاندار حلف برداری کی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کو چیف آف پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن بلوچستان برانچ مقرر کیا گیا۔یہ تقریب سینیٹر نزہت امیر کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے اراکین، ڈونر ایجنسیز کے نمائندوں اور ایم این اے محترمہ اختر بی بی نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران راحیلہ حمید نے بطور چیف۔اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور تقریب سے خطاب میں کہا کہ لڑکیوں کے لیے تعلیم، رہنمائی اور لیڈرشپ کے ذریعے ان کی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کی نوجوان لڑکیوں کے لیے روشن اور شمولیت پر مبنی مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

راحیلہ حمید خان درانی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری کوشش ہوگی کہ ہم صوبے کی نوجوان لڑکیوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کام کریں تاکہ وہ معاشرے کا کارآمد فرد ثابت ہوسکیں"۔

شرکاء کا خیال تھا کہ وزیر تعلیم کی اس عہدے پر تقرری سے بلوچستان میں گرل گائیڈز کی سرگرمیوں کو نئی جلا ملے گی اور اس کے دائرہ کار میں مزید اضافہ ہوگا۔