Live Updates

سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ‘ملک صہیب احمد بھرتھ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی قیادت میں سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب کے دوران مجموعی طور پر 71 بریج اپروچ روڈز متاثر ہوئے جن میں سے 53 کو مرمت کر کے بحال کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح سیلابی علاقوں میں 439 پلیوں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 131 کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ 53 آرٹیریل روڈز میں سے 49 کو بحال کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح 171 کلکٹر روڈز متاثر ہوئیں جن میں سے 134 مرمت کے بعد بحال ہو چکی ہیں۔ مزید برآں 844 لوکل روڈز کو نقصان پہنچا جن میں سے 636 کو مرمت کر کے بحال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو کا عملہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسلسل موجود رہا اور متاثرہ عوام کی بحالی و سہولت کے لیے دن رات کام کیا۔

علی پور اور سیت پور میں سی اینڈ ڈبلیو نے ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت پور، خان گڑھ اور ڈومہ روڈ پر آنے والے شگافوں کی تعمیر و مرمت مکمل کر دی گئی ہے۔ احمد پور شرقیہ میں نذرو والی ہٹی تا مکھان بیلہ متاثرہ روڈ کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے جبکہ سیت پور تا مریڑی سڑک پر موجود شگاف بھی بھر کر مرمت کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ احمد پور کے علاقے بستی عظیم شاہ اور کل کنول کی بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے سی اینڈ ڈبلیو کے تمام ونگز کو شاندار کارکردگی پر شاباش دی اور متاثرہ عوام کی سہولت کے لیے بحالی کے کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :