لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشتِ پر دستخط

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)لمز اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے اشتراک سے ٹرینی شپ پروگرام کی اختتامی اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سلیمان داؤد اسکول آف بزنس میں منعقد ہوئی، جس کے بعد یادداشتِ مفاہمت پر دستخط کیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی مسٹر بین وارننگٹن، ہیڈ لاہور آفس برٹش ہائی کمیشن تھے جبکہ مہمانِ اعزاز ڈائریکٹر جنرل پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی محترمہ کلثوم ثاقب تھیں۔

اجلاس کا آغاز ڈین ایس ڈی ایس بی ڈاکٹر محمد عدیل ظفر، ڈائریکٹر سی بی ایس محترمہ مصباح تنویر چوہدری اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو پی اے محترمہ کلثوم ثاقب کے کلمات سے ہوا۔طلبہ نے پالیسی پیپر رپورٹ، ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم، پائلٹ کیس سسٹم، پروسیس فلو ڈایاگرامز، ایف آئی آرز کا تجزیہ، نئی ویب سائٹ اور پوڈکاسٹ سیریز جیسے نمایاں نتائج پیش کیے۔

(جاری ہے)

یادداشتِ مفاہمت کے تحت دونوں ادارے تین سال تک باہمی تعاون جاری رکھیں گے جس میں سالانہ ٹرینی شپ پروگرام، راؤنڈ ٹیبل ڈائیلاگز، فیلڈ وزٹس، خواتین کے لیے اسکلز ٹریننگ اور مشترکہ تحقیقی کام شامل ہیں۔مسٹر بین وارننگٹن نے پروگرام کو اکیڈمیا اور پالیسی کے ملاپ کی شاندار مثال قرار دیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو پی اے کلثوم ثاقب نے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعاون ہی خواتین کے لیے محفوظ اور انصاف پر مبنی پنجاب کی بنیاد ہے۔

اسناد حاصل کرنے والے طلبہ میں انوشہ مناہل، ردا فاطمہ، محمد احسن نجیب، عبیدالرحمن زاہد، آمنہ شوکت اور افنان احمد بٹ شامل ہیں۔یادداشتِ مفاہمت پر ڈاکٹر محمد عدیل ظفر (ڈین، سلیمان داؤد اسکول آف بزنس، لمز) اور محترمہ کلثوم ثاقب (ڈائریکٹر جنرل، پی ڈبلیو پی ای) نے دستخط کیے جبکہ مسٹر بین وارننگٹن، فیکلٹی اور پی ڈبلیو پی اے نمائندگان بھی موجود تھے۔