سیاحت کے عالمی دن کی مناسبت سے ڈائریکٹوریٹ آف ٹورزم بلوچستان کے زیراہتمام کوئٹہ میں شاندار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 27 ستمبر 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) سیاحت کے عالمی دن کی مناسبت سے ڈائریکٹوریٹ آف ٹورزم بلوچستان کے زیراہتمام ہفتہ کو کوئیٹہ میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور فنکاروں نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر ابو الحسن میری تھے جبکہ ڈائریکٹر ثقافت بلوچستان ڈاکٹر داؤد ترین، ڈائریکٹر ارکیالوجی جمیل حسین بلوچ، روزینہ خلجی اور ڈاکٹر بینش نے خطاب کرتے ہوئے سیاحت کے فروغ اور اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے سیاحتی مقامات عالمی سطح پر اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں، جنہیں مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ محکمہ سیاحت و ثقافت پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نواب زادہ زرین خان مگسی اور سیکرٹری سیاحت و ثقافت حکومت بلوچستان سہیل رحمان بلوچ کے زیر نگرانی عنقریب کوئٹہ اور گرد و نواح کے سیاحتی مراکز پر مشتمل ایک خصوصی پیکج متعارف کرائے گا، جس کے تحت سیاحوں کو بلوچستان کے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ سیاحتی مراکز کی ترقی حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان اقدامات کا مقصد صوبے میں سیاحت کے رجحان کو دوبارہ فروغ دینا ہے۔اس موقع پر تھیٹر ڈرامہ بھی پیش کیا گیا، جسے معروف ہدایتکار امان اللہ ناصر نے ڈائریکٹ کیا۔ ڈرامے میں بلوچستان کے سیاحتی مناظر اور خطے کی خوبصورتی کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ میوزیکل پرفارمنس بھی پیش کی گئی، جس میں خالق فرہاد اور دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت گہرام بخشی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر یونس بلوچ سمیت محکمہ سیاحت کے دیگر افسران نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے محکمے کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر ابو الحسن میری اور ڈائریکٹر کلچر بلوچستان ڈاکٹر داؤد ترین نے مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔