امریکاکا کولمبیا کے صدر کا ویزا منسوخ کرنے کا اعلان

اتوار 28 ستمبر 2025 08:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) امریکا نے کولمبیا کے صدر کا ویزا منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو کا ویزا منسوخ کرے گا۔کولمبیا کے صدر نے نیو یارک میں فلسطین کے حامی مظاہرین کے سڑک پر احتجاج میں شرکت کی۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کولمبین صدر کا مظاہرین سے خطاب ’اشتعال انگیز اقدامات‘ جیسا تھا۔

امریکا کی جانب سے صدر پیٹرو پر الزام اُس وقت سامنے آیا جب وہ اپنے ملک واپس پہنچے۔

(جاری ہے)

صدر پیٹرو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں تھے۔ اجلاس سے خطاب میں انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کیریبین خطے کے سمندر میں کشتیوں پر امریکی حملوں کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے اُن کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ صدر پیٹرو نے نیو یارک کی سڑک پر کھڑے ہو کر امریکی فوجیوں پر زور دیا کہ وہ احکامات کی نافرمانی کریں اور تشدد کو بھڑکایا۔بیان میں کہا گیا کہ ہم صدر پیٹرو کے ویزے کو اُن کی لاپرواہی اور اشتعال انگیز اقدامات کی وجہ سے منسوخ کر دیں گے۔