Live Updates

ملتان میں گراؤنڈز کی کمی کے باعث ان ڈور کرکٹ کا رجحان بڑھ گیا

اتوار 28 ستمبر 2025 15:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) ملتان میں کھیلوں کے لئے میدانوں کی کمی نے ایک نئے رجحان کو جنم دیا ہے۔اس حوالے سے گزشتہ چند برسوں میں شہر میں درجنوں ان ڈور کرکٹ گراؤنڈز قائم ہو چکے ہیں، جہاں شہری شام اور رات کے وقت فلڈ لائٹس میں کرکٹ کھیلنے آتے ہیں۔ یہ کھیل نہ صرف تفریح فراہم کرتا ہے بلکہ نوجوانوں کے لئے جسمانی صحت برقرار رکھنے کا ذریعہ بھی بنتا جا رہا ہے۔

ان ڈور کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت محض کھیل تک محدود نہیں بلکہ اس کا معاشرتی اور معاشی پہلو بھی نمایاں ہے۔ ان گراؤنڈز کے قیام نے سرمایہ کاروں کے لئے کاروباری مواقع پیدا کئے ہیں جبکہ مقامی نوجوانوں کو روزگار بھی مہیا ہوا ہے۔ گراؤنڈ مالکان ٹیموں سے فی گھنٹہ رقم وصول کرتے ہیں اور اکثر رات گئے تک بکنگز جاری رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

ایک گراؤنڈ منیجر عمران ملک نے بتایا کہ ویک اینڈز پر زیادہ رش ہوتا ہے جہاں ٹورنامنٹس، برتھ ڈے میچز اور کمیونٹی ایونٹس منعقد کئے جاتے ہیں۔

ان کے بقول ان ڈور کرکٹ ملتان کی ثقافت کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔کھلاڑیوں کے لئے اس کھیل کی کشش اس کی تیز رفتاری اور جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔ چھوٹے گراؤنڈز، تبدیل شدہ قوانین اور لگاتار ایکشن کھیل کو مزید دلچسپ بناتے ہیں۔ تنویر ایک یونیورسٹی طالب علم اور باقاعدہ کھلاڑی ہے،جس نے بتایا کہ ان ڈور کرکٹ نے ان کے دوستوں کی شامیں بدل دی ہیں۔

چائے خانوں یا فضول وقت گزارنے کے بجائے ہم یہاں کھیلنے آتے ہیں۔ یہ ہمیں صحت مند، متحرک اور جُڑا ہوا رکھتا ہے،تنویر نے مزید بتایا کہ گراؤنڈز کی بکنگ نسبتاً سستی ہے اور دوستوں میں مل کر اخراجات بانٹنے سے یہ سب کے لئے آسان ہو جاتا ہے۔اس رجحان نے چھوٹے کاروباروں کو بھی فروغ دیا ہے۔ گراؤنڈز کے اردگرد سپورٹس شاپس،سٹالز اور ایونٹ آرگنائزرز کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں جو منی ٹورنامنٹس کا انتظام کرتے ہیں۔

بلال احمد، ایک ان ڈور گراؤنڈ کے مالک نے کہا کہ ہم رات کے ٹورنامنٹس رکھتے ہیں جن میں کیش پرائزز دیئے جاتے ہیں جس میں نوجوانوں کا جوش دیدنی ہوتا ہے۔ڈاکٹرز اور فٹنس ماہرین بھی اس رجحان کو صحت کے لئے فائدہ مند قرار دیتے ہیں۔ ان ڈور کرکٹ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے ذریعے کھلاڑی جسمانی سرگرمی کرتے ہیں جو برداشت، توازن اور ذہنی سکون میں مدد دیتی ہے۔

ملتان، جو صوفیا کی سرزمین کے طور پر پہچانا جاتا ہے، اب کھیلوں کے شوقین نوجوانوں کے لئے بھی نمایاں ہو رہا ہے۔ شہری حدود کے پھیلاؤ اور میدانوں کی کمی کے باوجود ان ڈور کرکٹ نے کھیل کی روایت کو جدید انداز میں زندہ کیا ہے۔ والدین بھی اپنے بچوں کو محفوظ اور نگرانی والے ماحول میں کھیلتا دیکھ کر مطمئن رہتے ہیں۔سردیوں کے قریب آتے ہی گراؤنڈز کی بکنگ مزید بڑھنے کی توقع ہے اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں ہونے والے ٹورنامنٹس رات گئے تک دلچسپی اور تفریح فراہم کرتے رہیں گے۔ ان ڈور کرکٹ کا رواج کئی سال پہلے بہت کم تھا تاہم اب یہ ملتان میں ایک ثقافت کی شکل اختیار کر رہا ہے جو شہریوں اور نوجوانوں کی صحت ،تفریح اور دماغی تروتازگی کےلئے اہمیت کا حامل ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات