جلسے میں جوکچھ ہوا وہ جمہور کی آواز ہے، صدر پی ٹی آئی پشاور کا علی امین کیلئے پیغام

اتوار 28 ستمبر 2025 19:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف پشاور کے صدر عرفان سلیم نے کہا ہے کہ پشاور جلسے میں جوکچھ ہوا وہ جمہور کی آواز ہے، اس کو سنیے اور سوچیے، یہ جمہور بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کو مانتی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران اسٹیج کی جانب کارکنوں کی طرف سے بوتلیں پھینکنے کے واقعے پر بالواسطہ ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف پشاور کے صدر عرفان سلیم نے وزیر اعلیٰ اعلی امین گنڈاپور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں جو کچھ ہوا یہ جمہور کی آواز ہے، اس کو سنیے اور سوچیے۔

عرفان سلیم نے کہا کہ عوام آپ سے بانی پی ٹی آئی کی حقیقی پالیسی اور بیانیے پر عمل درآمد چاہتی ہے، میں نے 15 ستمبر کو چند گزارشات رکھی تھیں ان پر عمل کیجیے اور ان ہی گراؤنڈ پر دوبارہ جلسہ رکھیں تو آج کے جلسے کا الٹ دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ جمہور بانی پی ٹی آئی کی آواز سنتی ہے، یہ جمہور بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کو مانتی ہے، مزاحمت میں زندگی ہے اور مفاہمت میں شرمندگی ہے۔