%بلدیاتی ادارے پریشانی سے دو چار ہے ملازمین تنخواہوں کے لیے پریشان ہیں شہر میں ملازم کام کرنے کو تیار نہیں وہ بیچارے حق پر ہیں ،میئر میر مظفر جمالی

اتوار 28 ستمبر 2025 20:30

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2025ء)بلوچستان بھر میں بلدیاتی اداروں کے فنڈز بند، ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم مئیر میونسپل کارپوریشن اوستہ محمد میر مظفر خان جمالی نے انکشاف کیا ہے کہ محکمہ خزانہ بلوچستان نے کئی ماہ سے صوبے کے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ کونسلز، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کو فنڈز فراہم نہیں کیے۔

فنڈز کی بندش کے باعث بلدیاتی اداروں کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں، جبکہ صوبہ بھر کے بلدیاتی ملازمین احتجاج پر ہیں میرمظفر خان جمالی نے کہا کہ فنڈز کی بندش کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ یاد رہے کہ اوستہ محمد سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی اداروں کو تین سے چار ماہ سے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے ملازمین سخت معاشی مشکلات سے دوچار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مستقل تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے غریب ملازمین کو نان و نفقہ کے بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوستہ محمد شہر کے مختلف وارڈز میں صفائی ستھرائی کا نظام مکمل طور پر متاثر ہو چکا ہے۔ نکاسی آب کی نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث تعفن اور گندگی پھیل رہی ہے، جس سے وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہی.بلدیاتی اداروں کے نمائندوں، ملازمین اور شہریوں نے وزیر اعلی بلوچستان، صوبائی وزیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں اور غریب ملازمین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ صفائی کے نظام کو بحال کیا جا سکے اور ملازمین کو ان کا حق مل سکے۔