رحیم یار خان: پیٹرولنگ پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 120 کلو مردہ مرغیاں برآمد

اتوار 28 ستمبر 2025 22:20

=رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2025ء) پیٹرولنگ پولیس کی نشاندہی پر پنجاب فوڈ اتھارٹی سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانے والی 120 کلوگرام مردہ مرغیاں برآمد کر لیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ یہ مردہ مرغیاں شوارما اور پیزا ہاؤسز پر فروخت کے لیے بھیجی جا رہی تھیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ناکہ بندی کے دوران پولیس نے چک 171 پی کے قریب پھٹہ رکشہ کو روکا تو بوروں میں بند مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں۔

(جاری ہے)

رکشہ ڈرائیور شبیر احمد کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیم بھی موقع پر پہنچی جس نے مردہ مرغیوں کو قبضے میں لے کر تلف کر دیا۔ بعد ازاں رکشہ ڈرائیور کی نشاندہی پر چک 173 پی میں قائم پولٹری فارم پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے فارم کے مینجر رفاقت علی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔تحقیقات کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ مردہ مرغیوں کو باقاعدگی سے مختلف علاقوں میں گوشت کی سپلائی کے طور پر بھیجا جاتا تھا۔ پولیس نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :