سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ کا سالانہ اجلاس ، خدمت، معیار اور اعتماد کے 60برس مکمل ہونے پر اظہارمسرت

پیر 29 ستمبر 2025 14:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل)کا60واں سالانہ اجلاس عام،کراچی میں،ادار ے کے رجسٹرڈ آفس میں منعقد ہوا-اجلاس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین محمد آفتاب منظور نے کی جس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دیگر ارکان کے علاوہ سینئر مینجمنٹ کے ارکان نے بھی شرکت کی۔حصص یافتگان نے تمام سال کے لیے کمپنی کی پائیدار مالی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اس کی منظوری دی، جس کا ثبوت مجموعی منافع میں2,204 ملین روپے )8 فیصد( کا اضافہ اور فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی 7,871 ملین روپے تھی جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 8فیصد زیادہ ہے جبکہ مالی سال-25 2024 کے لیے خالص منافع 1,524 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا۔

حصص یافتگان نے 11.50 روپے فی حصص کی شرح سے منافع کی منظوری بھی دی جو 115 فیصد کی نمائندگی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس منافع میں سال کے شروعات میں 2.50 روپے فی حصص عبوری منافع کی تقسیم اور 9.0 روپے فی حصص کا حتمی نقد منافع شامل تھا۔حصص یافتگان نے کمپنی کی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کی تندہی اور مستعدی سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا جس کے نتیجے میں مسلسل منافع حاصل ہوا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا۔

گزشتہ ایک برس کے دوران، کمپنی نے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کو مربوط کرکے پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے کئی منصوبوں پر کام کیا ہے، جس میں آلودہ پانی کی ری سائیکلنگ اور قابل تجدید ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے بجلی پیدا کرنا شامل ہے۔سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ اب اپنی ساتویں دہائی میں داخل ہو رہا ہے، یہ پائیدار اور جدید طریقوں کے ذریعے خود کو مارکیٹ لیڈر کے طور پر پوزیشن پر فائز کرتے ہوئے اعلی ترین معیار کی مصنوعات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔