چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا کا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تعمیری کام کا جائزہ

پیر 29 ستمبر 2025 15:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر نے گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور جاری تعمیری کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے عارضی طور پر فعال او پی ڈی کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے دریافت کیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ نے ڈاکٹرز کو مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور پوری توجہ اور ذُمہ داری کے ساتھ علاج معالجہ کی ہدایت کی۔ متعلقہ ڈاکٹرز نے ہسپتال کے انتظامی معاملات کے حوالے سے سی ای او ہیلتھ کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر سارہ صفدر نے ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سرگودھا سمیت اردگرد کے اضلاع کے عوام کے لئے ایک اثاثہ ہےاس کی بروقت تکمیل اورفعالیت کوہرصورت یقینی بنایاجائے گا۔

انجینئرنگ ٹیم نے سی ای او کو بتایا کہ ہسپتال کی تعمیر آئندہ ماہ کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔ فی الحال عارضی او پی ڈی میں روزانہ تقریباً سو مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ بورڈ آف گورنرز کے فعال ہونے کے بعد مزید ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تقرری کے ساتھ ہسپتال کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔