کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اوور سائٹ کمیٹی کا اجلاس

پیر 29 ستمبر 2025 15:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودہا کی اوور سائٹ کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت (ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز) بینش فاطمہ، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی، اے ایس ایڈمن اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندے نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، پرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج پروفیسر محمد وارث فاروق اور آئی ڈیپ کے انجینئرز بھی موجود تھے۔ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ کو جلد فعال کرنے کے لیے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کی تشکیل کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں جبکہ بھرتیوں کے لیے سلیکشن کمیٹی بنانے کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال کی ایس این ای کی منظوری اور بجٹ کے معاملات پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔ اجلاس میں او پی ڈی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ڈاکٹرز کی تعیناتی اور دیگر معاملات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی ڈیپ کے نمائندوں نے بریفنگ میں بتایا کہ نومبر کے آخر تک ہسپتال کا سو فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ مشینری اور آلات کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے۔

کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پنجاب حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے،جس کی بروقت تکمیل کوہرصورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اوور سائٹ کمیٹی ہر 15 دن بعد اجلاس منعقد کرے گی تاکہ ہسپتال سے متعلقہ تمام امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کئے جا سکیں۔