دنیا میں پائیدار امن کیلئے مذہبی رواداری ناگزیر ہے، پاسٹرطارق رحمت

پیر 29 ستمبر 2025 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)نیویارک میں عالمی دن برائے امن کے موقع پر سمندر پار پاکستانی اقلیتی رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے معاشروں میں سماجی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی امن اسی وقت ممکن ہے جب مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگ ایک دوسرے کے عقائد اور حقوق کا احترام کریں۔

اس موقع پر پاسٹر طارق رحمت (گریس بائبل فیلوشپ نیویارک چرچ)، روحیل سیموئیل (گلوبل کرسچن وائس کے رابطہ کار)، قمر جاوید (کرسچن فیلوشپ سوسائٹی کے سربراہ)، اشوک کمار باریہ (پاکستانی ہندو امریکن کے سربراہ) اور وجیش پرتاب (پاکستانی امریکن کمیونٹی کے رہنما) نے مشترکہ طور پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے حکمرانوں اور اربابِ اختیار کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت امن کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ پاکستان سمیت دنیا کے تمام معاشروں میں بسنے والی اکثریت اور اقلیت کو مساوی طور پر امن، ہم آہنگی اور یکجہتی کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

رہنماو?ں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی کاوشیں جاری رکھتے ہوئے ایک ایسے پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے جس میں ہر فرد بلا تفریق مذہب و نسل عزت و احترام کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکے۔