سی این ایس ہاکی ٹورنامنٹ میں ماری انرجیز اور پاک بحریہ کی شاندار فتوحات، قومی کھیل دوبارہ عروج کی جانب گامزن ہے، اولمپیئن طاہر زمان

پیر 29 ستمبر 2025 21:41

سی این ایس ہاکی ٹورنامنٹ میں ماری انرجیز اور پاک بحریہ کی شاندار فتوحات، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری چوتھے چیف آف دی نیول سٹاف (سی این ایس) آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 میں ماری انرجیز اور پاکستان نیوی نے پیر کے روز اپنے اپنے میچز میں شاندار کامیابیاں حاصل کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔پہلے میچ میں ماری انرجیز نے برق رفتاری سے کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان رینجرز کو 2۔

5 سے شکست دی۔ ماری انرجیز کے فارورڈ احمد ندیم نے یادگار ہیٹرک سکور کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا جبکہ وسیم اور عمر مصطفی نے ایک ایک گول کر کے فتح کو یقینی بنایا۔ رینجرز کی جانب سے ایم احمر اور شیروز نے ایک ایک گول کیا تاہم وہ مقابلے کا نقشہ نہ بدل سکے۔ عمدہ کارکردگی پر وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

دن کے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نیوی نے نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کو 3۔

2 سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے یاسر خان، عبدالحناں شاہد اور بشارت علی نے گول سکور کیے جبکہ این بی پی کے لیے صابر اور آکاش نے ایک ایک گول داغا۔ شاندار کھیل کے اعتراف میں یاسر خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔تقریب کے مہمان خصوصی اولمپیئن طاہر زمان نے کھلاڑیوں کے جذبے، مہارت اور کھیل کے وقار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج پیش کیا گیا ہاکی کا معیار ثابت کرتا ہے کہ ہمارا قومی کھیل دوبارہ عروج کی جانب گامزن ہے۔

ماری انرجیز اور پاکستان نیوی نے غیر معمولی نظم و ضبط اور حکمت عملی کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ رینجرز اور این بی پی نے بھی بہادری سے مقابلہ کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی ہاکی میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ انہوں نے میزبان پاکستان نیوی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی قومی کھیل کی ترویج کے لیے جس طرح مسلسل تعاون فراہم کر رہی ہے، وہ قابلِ ستائش اور دیگر اداروں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔کل (منگل کو)ماری انرجیز بمقابلہ پی اے ایف کسٹمز بمقابلہ پاکستان نیوی میچز ہونگے۔