کراچی،گلستان جوہر میں پانی کے گڑھے میں ڈوب کر 2 کمسن بچے جاں بحق

عمارت کی تعمیر سے قبل بنیاد ڈالنے کے لیے کھدائی کی گئی تھے، جس میں جمع بارش کے پانی میں بچے نہا رہے تھے، پولیس

پیر 29 ستمبر 2025 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)گلستان جوہر بلاک 9 میں پانی کے گڑھے میں ڈوب کر 2 کمسن بچے جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں ایک بچے کی شناخت 12 سالہ مرید حسین کے نام سے کی گئی جب کہ ابتدائی طور پر دوسرے بچے کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

پولیس نے واقعے سے متعلق بتایا کہ عمارت کی تعمیر سے قبل بنیاد ڈالنے کے لیے کھدائی کی گئی تھی اور قریب ہی کچی آبادی کے رہائشی بچے گڑھے میں جمع بارش کے پانی میں نہانے آئے۔گڑھے میں جمع پانی میں 3 بچے نہارہے تھے ،2ڈوب کر جاں بحق ہوگئے اور تیسرا بچ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے ضابطے کی کارروائی جاری ہے، لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بعد ازاں جاں بحق ہونے والے دوسرے بچے کی شناخت 11 سالہ حارث کے نام سے کرلی گئی۔