ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کا تیسرا سالانہ جنرل باڈی اجلاس

پیر 29 ستمبر 2025 20:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ (ڈبلیو سی سی آئی ایس) کی سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس الشفیع آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا۔ تیسرے سالانہ جنرل اجلاس (اے جی ایم) کی صدارت صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ ڈاکٹر مریم صدیقہ نے کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں صدر ویمن چیمبر آف کامرس ڈاکٹر مریم صدیقہ نے اپنے دور کی کارکردگی و کامیابیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ نے اپنے قیام کے تھوڑے عرصے بعد ہی اپنا ایک نام اور اپنی ایک پہچان بنا لی ہے جو اس کی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے سر گرم عمل ہیں اور اس ضمن میں اہم و ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کی کامیابیوں کے پیچھے جن لوگوں کا ہاتھ ہے ان میں ہماری سینئر نائب صدر مس گلزیب وقاص اعوان کا نام سر فہرست ہے جنہوں نے مجھ سے بھی زیادہ محنت اور کام کر کے ویمن چیمبر کو اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس کے علاوہ نائب صدر روبینہ نوید اور شبنم آصف وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مقام اور پہچان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر مریم صدیقہ نے اجلاس میں موجود مہمان خصوصی سیالکوٹ تاجر برادری کے قائد ریاض الدین شیخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے وہ بڑے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہماری رہنمائی کی اور آج انہی کی مسلسل رہنمائی اور قیادت نے ہمیں اس مقام تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاض الدین شیخ، ڈاکٹر اسلم ڈار، سابق صدر سیالکوٹ چیمبر ڈاکٹر نعمان بٹ، ملک وقاص، خرم اسلم بٹ، اعجاز غوری اور صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق جیسی شخصیات کا ساتھ و رہنمائی نہ ہوتی تو آج ہم اس مقام پر نہ ہوتے اس لیے میں ان تمام شخصیات جنہوں نے ہمیں کسی بھی جگہ سپورٹ کیا ان سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں اور اس بات کی یقین دہانی کراتی ہوں کہ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گی۔

سیالکوٹ کی تاجر برادری کے قائد ریاض الدین شیخ نے بھی خطاب کیا اور ویمن چیمبر آف کامرس کی کارکردگی و کامیابیوں کو سراہا۔