مقبوضہ کشمیر ،علمائے کرام کیلئے ہیلتھ کارڈز کا اجرا

منگل 30 ستمبر 2025 00:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سرینگر شہر کے ایک ممتاز نجی ہسپتال نے متحدہ مجلس علماکے تعاون سے مقبوضہ علاقے کے علمائے کرام، آئمہ اودیگر کے لیے مفت ہیلتھ کارڈز کا اجرا کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسلامیہ ہائیرسکول راجوری کدل سرینگر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور متحدہ مجلس علماء کے صدر میر واعظ عمر فاروق نے ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں سرینگر شہر کے علمائے کرام اور آئمہ مساجد اس سہولت سے مستفید ہوں گے ۔میرواعظ عمر فاروق نے ہسپتال کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسے اقدامات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور سب سے بڑی عبادت انسانیت کی خدمت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وادی کشمیر کے دیگر پرائیویٹ ہسپتال بھی اس سلسلے میں مناسب اقدامات کریں گے۔ واضح رہے کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے اجالا ہسپتال نہ صرف علمائے کرام اور ائمہ مساجد کے علاوہ انکے اہلخانہ کو بھی علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کرے گا۔