کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ، نیپال نے دوسرے ٹی20 میں ویسٹ انڈیز کو ہرا سیریز بھی جیت لی

منگل 30 ستمبر 2025 10:50

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) نیپال نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو 90 رنز سے ہرا کر انٹرنیشنل کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا اور نہ صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی بلکہ آئی سی سی فل ممبر ٹیم کے خلاف اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں بھی کامیاب ہو گئی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نیپال کی جانب سے ملنے والے 174 رنز ہدف کے تعاقب میں 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر 83 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔نیپال کے آصف شیخ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم، شارجہ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیپال ٹیم کے کپتان روہت پاوڈیل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

نیپال کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 174 رنز کا ہدف دیا۔ آصف شیخ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 68 رنز کی اننگز کھیلی،سندیپ جورا 63 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ویسٹ انڈیز کے کپتان عقیل حسین اور کائل مائرزنے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی انتہائی خراب کارکردگی کے باعث مطلوبہ 174 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17ویں اوور کی پہلی گیند پر محض 83 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔نیپالی بائورلز کی عمدہ بائولنگ کے باعث ویسٹ انڈیز کے 8 کھلاڑی ڈبل فگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے۔جیسن ہولڈر 21،اکیم آگسٹ 17 اور عامر جنگو16 رنز بناسکے۔یوں نیپال کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نہ صرف بڑے مارجن 90 رنز سے شکست دی بلکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی سیریز بھی جیت لی۔

نیپال کے محمد عادل عالم نے 4 اور کشال بھرٹیل نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دیپندر سنگھ ایری،کرن کے سی اور للت راج بنشی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیپال کے آصف شیخ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیپال کے کپتان نے جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح ٹیم کی محنت اور عزم کی بدولت ممکن ہوئی ہے اور وہ اس کامیابی کو ملک کی کرکٹ کی ترقی کا آغاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نیپال کرکٹ مزید ترقی کرے گی اور عالمی کرکٹ میں اپنی پہچان کومزید اچھابنائے گی۔