وینزویلاامریکی جارحیت کے خدشے پر ہنگامی حالت نافذ کرنے کے لیے تیار ہے، صدر نکولس مادورو

منگل 30 ستمبر 2025 11:23

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا ہے کہ وہ امریکا کی ممکنہ جارحیت کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق ٹیلی وژن خطاب میں انہوں نے کہا کہ مشاورت کا عمل شروع ہو گیا ہے تاکہ آئین کے مطابق ہنگامی حالت نافذ کی جا سکے اور اگر وینزویلا پر امریکی فوجی حملہ کیا گیا تو عوام، امن و سلامتی کا تحفظ کیا جا سکے ۔

نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے غیر ملکی سفارتکاروں کو بتایا کہ صدر نے ایک حکم نامہ تیار کر لیا ہے جس کے تحت انہیں دفاع اور سلامتی کے معاملات میں خصوصی اختیارات حاصل ہو جائیں گے، تاہم ایک سرکاری ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ صدر نے ابھی تک اس دستاویز پر دستخط نہیں کیے۔ ذرائع کے مطابق نائب صدر نے یہ دستاویز دکھائی تاکہ واضح کیا جا سکے کہ سب کچھ تیار ہے اور صدر کسی بھی وقت اسے نافذ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نکولس مادورو نے امریکی افواج کی بڑی تعیناتی کے بعد وینزویلا کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے، جو ان کے ملک کے ساحل کے قریب موجود ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں جنوبی کیریبین میں آٹھ جنگی جہاز اور ایک ایٹمی آبدوز تعینات کی ہے۔ امریکی افواج نے تین مشتبہ منشیات بردار کشتیوں کو تباہ کر کے 14 افراد کو ہلاک کیا ہے جسے اقوام متحدہ کے ماہرین نے ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔