ملک کی ترقی میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں،ایم این اے ارم حامد حمید

منگل 30 ستمبر 2025 16:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) رکن قومی اسمبلی ارم حامد حمید نے کہا ہے کہ جب ایک بچہ تعلیم حاصل کرتا ہے تو وہ صرف اپنے لیے ہوتی ہے جبکہ بچی زیورِ تعلیم سے آراستہ ہوتی ہے تو وہ پورا خاندان تعلیم یافتہ ہوجاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج فاروق کالونی سرگودھا میں مختلف تقریبات میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کے دو ران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں جہاں مرد اپنا کردار ادا کر رہے ہیں وہاں پر خواتین بھی کسی شعبہ میں پیچھے نہیں ہیں اب اگریہ کہاجائےکہ خواتین کی تعداد مختلف شعبوں میں مردوں سے زیادہ ہوتی جا رہی ہے تو بے جا نہ ہوگا ۔ارم حامد حمید نے کہا کہ سرگودھا میں ڈگری کالجز کی تعداد موجودہ آبادی کی نسبت کم ہے حکومت پنجاب کی طرف سے سرگودھا ضلع میں خواتین کے 3ڈگری کالج قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ بچوں کے لیے بھی ڈگری کالج کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات بروئے کارلائےجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ تعلیم کے بہترمواقع فراہم کرنے کے لیے ہر وہ اقدام کررہی ہے جس کی اس وقت ضرورت ہے کیونکہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہوتا ہے۔ تعلیم حاصل کرو چاہے تمہیں چین جانا پڑے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماں کی گود سے لحد تک علم حاصل کرو کیونکہ علم کی بدولت ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں آج دنیا بھرمیں جو بھی ترقی یافتہ ممالک ہیں وہاں پر سب سے زیادہ توجہ تعلیم پر دی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں اور وہاں پر بچے اور بچیوں کو تعلیم کے یکسر مواقع فراہم کیے جائیں یہی وجہ ہے کہ لائق طلبہ میں لیپ ٹاپ سمیت دیگر اشیا کی تقسیم اس بات کا ثبوت ہے کہ بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور والدین کا مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت پنجاب نے تعلیمی میدان میں مختلف مواقع پیدا کرنا شروع کر دیے ہیں۔

اس موقع پر کالج کی پرنسپل اور سٹاف نے ارم حامد حمید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارلیمنٹیرین اسی طرح ہماری حوصلہ افزائی کرتے رہیں تو ہم تعلیمی میدان میں سب سے آگے ہوں گے۔ آخر میں کالج کی جانب سے ارم حامد حمید کو خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا۔