ڈائو یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں "کارڈیک ری ہیب لی ٹیشن سروسز "کا آغاز

منگل 30 ستمبر 2025 17:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) ڈائویونیورسٹی اوجھا کیمپس میں "کارڈیک ری ہیب لی ٹیشن سروسز "کا آغاز کر دیا گیا او پی ڈی بلاک اولڈ بلڈنگ کے گرائونڈز فلور پر ڈائوانسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی کے زیر انتظام نئی سروسز کا رسمی افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے تختی کی نقاب کشائی اور ربن کاٹ کر کیا اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر جہاں آ راحسن، ڈائو انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر افتخار احمد، ڈاکٹر طارق فرمان ، بریگیڈیئر شعیب احمد ،ڈاکٹر رستم زمان، ڈاکٹر فرحان اسحاق اور ڈاکٹر فیصل یامین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈائو یونیورسٹی پروفیسر نازلی حسین نے کہا کہ اس نئے شعبے کی ابتدا سے دل کے مریضوں کو ایک نارمل زندگی گزارنے کے لیے مدد اور رہنمائی ملے گی۔

(جاری ہے)

پروفیسر نازلی حسین نے نئے شعبے کے لیے دعا بھی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قبل ازیں عالمی یو م امراض کے سلسلے میں ہونے واک کی قیادت اور امراض قلب کے لیے آگہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن نے کہا کہ دنیا میں دو کروڑ افراد امراض قلب باعث جان سے چلے جاتے ہیں پاکستان میں یہ تعداد پانچ لا کھ ہے یہ لاکھوں افراد اپنی زندگی محض شوگر ، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول پر توجہ دے کر اور مناسب دوااستعمال کرکے بچاسکتے ہیں آگہی سیمینار ، واک اور دیگر ذرائع سے ہم آگہی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فرمان نے کہا کہ باوجود تمام تر کوششوں کے دنیا بھر میں دل کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے یہ سب مریض اپنے آپ کو معاشرے کے لیے بوجھ سمجھتے ہیں ڈائویونیورسٹی کے شعبہ امراض قلب کی کوشش ہے کہ ان سب مریضوں کو ایک نارمل زندگی کی طرف لایا جائے اور اسی اصول کے تحت ہم نے دل کے افعال کی مکمل بحالی کا شعبہ قائم کیا ہے جہاں امراض قلب کے مریضوں کو عارضہ قلب کے بعد ہونے والی اینجیو پلاسٹی اور بائی پاس سرجری کے بعد مکمل رہنمائی مدد اور ورزش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی افتتاحی تقریب کے بعد مکمل طور پر تازہ پھلوں سے تیار کیا گیا ایک خصوصی کیک کاٹا گیا ۔