الائیڈ سکولز اور ایفاء سکول سسٹم کی جانب سے ہائی اچیورز ایوارڈ تقریب

منگل 30 ستمبر 2025 18:04

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) الائیڈاور ایفا سکول سسٹم سرگودھاکی جانب سے ہائی اچیورز ایوارڈ تقریب 2025ء کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بچوں نے خوبصورت انداز میں بنیان مرصوص اور معرکہ حق کے حوالے سے پاکستانی ہیرو ز کو زبردست خراج عقید ت پیش کیا۔ الائیڈ سکولز اور ایفاء سکول سسٹم کی جانب سے پہلے دس سال کی کامیاب تکمیل پرہائی اچیورز ایوارڈ تقریب 2025ء کا اہتمام کیا گیا،جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سرگودھا ریجن سعید اللہ گوندل تھے جبکہ تقریب کی صدارت پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود نے کی۔

تقریب میں شہداء کے ورثاء کوخصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر رضوان اجمل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

بچوں نے ٹیبلو، خاکوں، ملی نغموں کے ذریعے شہداء اور اُن کے ورثاء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ الائیڈ سکولز اور ایفا سکول سسٹم تعلیمی میدان میں انتہائی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے دس سال کی کامیاب تکمیل پر اُساتذہ اور مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا اور اُنہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب معرکہ حق اور پاکستانی ہیروز کے نام ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ملکی سلامتی کو یقینی بنایا۔

آخر میں مہمانوں نے تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک میں الائیڈ سکول بھکر کیمپس کی سیدہ وریشہ حسن کو دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر چالیس ہزار نقد،سلور میڈل،میرٹ سرٹیفکیٹ اور خدیجہ ضیاء کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر تیس ہزار روپے نقد،برونز میڈل اور میرٹ سرٹیفکیٹ جبکہ تعلیمی وہم نصامی سرگرمیوں میں اچھی کارکردگی پر دیگر بچوں میں انعامات،اساتذہ میں شیلڈز اور شہدا کے ورثاء میں تحائف تقسیم کئے۔اس موقع پر ایم او یو رینیول کا اہتمام کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دینے والوں کو ایوارڈز بھی دیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :