سپریم کورٹ بار انتخابات 26-2025 امیدواران کی فہرست جاری کردی

منگل 30 ستمبر 2025 23:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) سپریم کورٹ بار انتخابات 26-2025 امیدواران کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق صدارت کیلئے عاصمہ جہانگیرگروپ کے ایڈوکیٹ ہارون الرشید اورحامدخان گروپ کے ایڈووکیٹ توفیق آصف مد مقابل ہوں گے، دیگرامیدواروں میں نائب صدر بلوچستان کیلئے ایڈوکیٹ لیاقت علی ترین، رحمت اللہ صدوزئی،نائب صدر کے پی کیلئے فضل شاہ محمود اور حبیب قریشی،نائب صدر پنجاب ارشد حسین اور خالد حسین سندھو،نائب صدر سندھ ملک خوشحال خان اور محمد لطف اللہ آرائیں،سیکریٹری بار عہدے پر میاں عرفان اکرم اور ملک زاہد اسلم مد مقابل ہوں گے۔

ایڈیشنل سیکریٹری قاضی غلام دستگیر اور سردار طارق حسین فنانس سیکریٹری عہدے پر ایڈوکیٹ تنویر چوہدری اور سائرہ خالد راجپوت مد مقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 16 اکتوبر کو ہوں گے، 4379 وکلاء اہل ووٹر قرار پائے ہیں۔سب سے زیادہ ووٹرز کاتعلق لاہور سے ہے۔ملک بھر سے مجموعی طور پر4379 وکلائ ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل قرار دیے گئے ہیں، لاہور سے 1460، ملتان 315، بہاولپور 145، راولپنڈی 805، خیبرپختونخوا 593، سندھ 741 اور بلوچستان سے 322 وکلائ شامل ہیں۔

امیدواروں کی عارضی فہرست جاری ہونے کے بعد بار الیکشن کے لیے اپیلیں دائرکی جائیں گی جس کی آخری تاریخ آج بدھ یکم اکتوبر مقرر ہے،3 اکتوبر تک ان اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے۔امیدواروں کو4 اکتوبر دوپہر2 بجے تک اپنی نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہوگی اوراسی روز سہ پہر3 بج کر30 منٹ پر امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔