چین عالمی میزائل دفاعی دوڑمیں آگے، امریکا کے’گولڈن ڈوم‘ منصوبے کو پیچھے چھوڑدیا

منگل 30 ستمبر 2025 19:47

چین عالمی میزائل دفاعی دوڑمیں آگے، امریکا کے’گولڈن ڈوم‘ منصوبے کو ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء)چین نے ایک جدید عالمی دفاعی نظام کا فعال ماڈل نصب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔چین کا نیا دفاعی نظام بیک وقت دنیا بھر سے داغے گئے ایک ہزار میزائلوں کی نشاندہی اور ٹریکنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پیشرفت کو امریکا کے مجوزہ ’گولڈن ڈوم‘ منصوبے پر ایک واضح سبقت سمجھا جارہا ہے۔چینی فوج (پیپلز لبریشن آرمی) کے زیرِ نگرانی تیاری اور کامیاب آزمائش کے بعد نصب کیے گئے اس نظام کو’ڈسٹری بیوٹڈ ارلی وارننگ ڈیٹیکشن بگ ڈیٹا پلیٹ فارم‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ڈیولپرز کے مطابق اگرچہ یہ نظام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے لیکن یہ خلا، سمندر، فضا اور زمین پر نصب سینسرز کے وسیع نیٹ ورک سے ڈیٹا اکٹھا کر کے کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری تجزیہ کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس پلیٹ فارم کی کلیدی خصوصیت اس کی ڈیٹا کو مربوط کرنے کی صلاحیت ہے۔ یہ نا صرف میزائل کے ہدف، راستے، قسم اور اصلی یا نقلی ہونے کی شناخت کرتا ہے بلکہ مختلف کمپنیوں کے تیار کردہ اور مختلف اوقات میں نصب پرانے اور نئے سسٹمز کے غیر موافق ڈیٹا کو بھی یکجا کر کے ایک جامع دفاعی منظرنامہ پیش کرتا ہے۔

ٹیکنالوجی کے محاذ پر یہ نظام ایک جدید پروٹوکول (کوئیک) کا استعمال کرتا ہے، جو نیٹ ورک کی خرابی یا کمزور سگنل کی صورت میں بھی ڈیٹا کی تیز رفتار اور محفوظ ترسیل کو یقینی بناتا ہے۔ مستقبل میں اس ڈیٹا کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماڈلز کو تربیت دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ نظام کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔اس کے مقابلے میں امریکا کا ’گولڈن ڈوم‘ منصوبہ جس کا مقصد بھی ایک مربوط عالمی میزائل ڈیفنس نیٹ ورک کا قیام ہے، تاحال منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے اور ابھی تک اس کا کوئی واضح تکنیکی خاکہ سامنے نہیں آسکا ہے۔

امریکی ماہرین خود اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج میزائل نہیں بلکہ وسیع پیمانے پر ڈیٹا کے بہاؤ کو منظم کرنا ہے۔دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ صورتحال اس رجحان کی عکاسی کرتی ہے امریکا اکثر جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا تصور تو پیش کرتا ہے لیکن چین اسے عملی شکل دینے میں سبقت لے جاتا ہے اور چین کی یہ کامیابی اس کی بڑھتی ہوئی دفاعی خود انحصاری اور تکنیکی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔