کوئٹہ میں خودکش حملے کی ابتدائی تحقیقات سامنے آ گئی

منگل 30 ستمبر 2025 20:59

کوئٹہ میں خودکش حملے کی ابتدائی تحقیقات سامنے آ گئی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء)کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے میں 10 افراد شہید اور حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔واقعے میں 30 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کی صبح دہشت گردوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر کو اپنے ناپاک عزائم کا نشانہ بنایا، تاہم فورسز کے بروقت ردعمل نے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

کارروائی میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی تحقیقات سامنے آ گئی، جس کے مطابق حکام نے بتایا کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 25 سے 30 کلو بارودی مواد کا استعمال کیا گیا۔کارروائی میں مارے گئے حملہ آوروں سے 15 دستی بم، 3 انڈر بیرل گرینیڈ لانچر اور 4 کلاشنکوف برآمد ہوئی ہیں۔طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے خون کے نمونے اور فنگر پرنٹس لے لیے گئے ہیں، جنہیں فارنزک کے لیے بھیجا جائے گا۔