
غزہ: ’ٹرمپ امن معاہدہ‘ کا یو این چیف کی طرف سے خیرمقدم
یو این
منگل 30 ستمبر 2025
21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 30 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے تمام فریقین سے اس پر عملدرآمد کی اپیل کی ہے۔
سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ پائیدار امن معاہدے کے لیے عرب اور مسلمان ممالک کے اہم کردار کو سراہتے ہیں۔
7 اکتوبر کے حملوں کے بعد غزہ میں تباہ کن جنگ سے لوگوں کو پہنچنے والی بے پایاں تکالیف میں کمی لانا ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی اور تمام یرغمالیوں کی فوری و غیرمشروط رہائی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے فلسطینی مسئلے کے دو ریاستی حل کو حقیقت بنانے کے لیے سازگار حالات جنم لیں گے۔
(جاری ہے)
بڑے پیمانے پر نقل مکانی
امریکہ کی جانب سے غزہ کے لیے پیش کردہ 20 نکاتی منصوبے نے جنگ بندی کی امیدوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اداروں کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی تکالیف میں کمی لانے کے لیے علاقے میں فوری امن قائم ہونا ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کے ترجمان ریکارڈو پیریز نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ شہر میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں جبکہ موسم سرما کی آمد پر ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
ان حالات میں فوری جنگ بندی اور بڑی مقدار میں انسانی امداد کی فراہمی ضروری ہو گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جنگ سے تباہ حال علاقے میں گرتے ہوئے درجہ حرارت کے نتیجے میں مختلف طرح کے مسائل جنم لیں گے جن میں بچوں اور خاندانوں کی صحت کو لاحق خطرات میں اضافہ ہو جائے گا۔
المواصی میں بدترین حالات
ترجمان نے بتایا کہ شمال سے جنوب کی جانب نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی بیشتر تعداد ساحلی علاقے المواصی میں مقیم ہے جہاں عارضی خیمہ بستیوں میں انہیں بدترین حالات کا سامنا ہے۔
غزہ شہر سے کم از کم چار لاکھ افراد نے نقل مکانی کی ہے۔ پورے غزہ کا صرف 18 فیصد علاقہ ایسا ہے جہاں سے نقل مکانی کے احکامات نہیں دیے گئے یا اسے عسکری زون میں شامل نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یونیسف نے 11 ہزار خیمے اور ترپالیں تیار رکھی ہیں جنہیں اجازت ملتے ہی کسی بھی وقت غزہ میں بھیجا جا سکتا ہے۔ تاہم فی الوقت امداد پہنچانے کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں۔
امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) کے ترجمان جینز لائرکے نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد تقسیم کرنے میں بہت سی مشکلات درپیش ہیں۔ گزشتہ دنوں علاقے میں لائی گئی امدادی خوراک کی بدولت بڑے پیمانے پر کھانا تیار کرنے کے مراکز کو ضروری سازوسامان کی فراہمی ممکن ہو سکی ہے۔ گزشتہ اتوار کو غزہ بھر میں ایسے 137 مراکز کے ذریعے تقریباً 660,000 کھانے تیار اور تقسیم کیے گئے تھے۔
امدادی خوراک کی لوٹ مار
جینز لائرکے نے کہا ہے کہ امدادی ٹیموں کو امداد جمع اور تقسیم کرنے کی اجازت دینے کی صورت میں ہی زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ تاہم کبھی امدادی ٹیموں کو امدادی کارروائی کی اجازت مل جاتی ہے اور کبھی نہیں ملتی۔ بعض اوقات اسرائیل کی جانب سے سہولت کی عدم فراہمی اس کا سبب ہوتا ہے اور کبھی دیگر مسائل رکاوٹ بنتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حالیہ دنوں غزہ میں پہنچنے والی امدادی خوراک کا بڑا حصہ بھوک سے ستائے لوگوں یا مسلح گروہوں نے ٹرکوں سے اتار لیا۔
انہوں نے موجودہ صورتحال کو انتہائی ابتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موثر، مربوط اور مکمل امدادی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے جنگ بندی ضروری ہے۔
مزید اہم خبریں
-
نیتن یاہو نسل کشی کے باوجود صاف بچ نکلا
-
دربدر روہنگیا مہاجرین بین الاقوامی برادری کے ضمیر کا امتحان
-
جنرل اسمبلی: انڈیا کی طرف سے نام بگاڑنے پر پاکستان کا احتجاج
-
یوکرین پر ایک بار پھر روس کی رات بھر شدید بمباری
-
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی تشدد اور آباد کاری میں اضافہ، رپورٹ
-
نوجوانوں کی تحریک کا مقصد منصفانہ اور خوشحال معاشرہ، نیپالی سفیر
-
جوہری ہتھیار ترک کرنا خودمختاری سے ہاتھ دھونے کے مترادف، شمالی کوریا
-
جنرل اسمبلی کا اجلاس تحفظ ماحول، امن اور اصلاحات پر اصرارکے ساتھ ختم
-
غزہ: ’ٹرمپ امن معاہدہ‘ کا یو این چیف کی طرف سے خیرمقدم
-
تعلیمی میدان میں طلبہ کی ناکامی میں خطر ناک اضافہ
-
ٹرمپ کی ورجینیا میں امریکی جنرلز سے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف
-
جرمنی میں مہنگائی کی شرح سال کی بلند ترین سطح 2.4 فیصد پر
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.