مانسہرہ،ہزارہ یونیورسٹی میں ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر سیاحت اور پائیدار تبدیلی کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:58

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) مانسہرہ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی کے زیر اہتمام ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر سیاحت اور پائیدار تبدیلی (Tourism and Sustainable Transformation) کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں اساتذہ،طلباء و طالبات اور انتظامی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سیاحتی امور کی ماہر عمارہ سعید نے بطور مہمان خصوصی سیمینار میں شرکت کی اور خطاب کیا،انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ اپنے وسیع تجربات کی روشنی میں سیاحت کی پائیدار ترقی پر تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ہم قدرتی وسائل کا محتاط استعمال کریں اور کسی بھی قدرتی شے کو ضائع نہ ہونے دیں تاکہ سیاحتی شعبہ کو پائیدار بنیادوں کے ذریعے حقیقی معنوں میں استحکام دیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ اگر فطرت کو پامال کیا جائے تو وہ انتقام لیتی ہے جس کی حالیہ مثال پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں شدید موسمی حالات ہیں جنہوں نے سیاحت سمیت زندگی کے دیگر شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل انڈسٹری کی ناقص تعمیراتی پریکٹسز اور فضلہ دریاؤں اور ندی نالوں میں پھینکنے سے ماحولیاتی آلودگی بڑھ رہی ہے جو سیاحت کے لیے خطرہ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ مقامی کمیونٹی کو فعال بنا کر سیاحت کو ایک مضبوط صنعت کے طور پر فروغ دیا جا سکتا ہے،سیمینار کے گیسٹ آف آنر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں سیر و سیاحت کی ترقی و بہتری کے لئے پر عزم ہے اور اس حوالے سے یونیورسٹیوں سے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہزارہ یونیورسٹی کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھے گی،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت سے سیاحت کے شعبے کی بہتری اور ترقی کے لئے نمایاں کام کیا جا سکتا ہے،انہوں نے متعلقہ ڈین اور ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کو سیاحت کے فروغ میں نجی شعبہ کی شمولیت کے حوالے سے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت بھی دی،وائس چانسلر نے سیمینار کے انعقاد پر خیبر پختونخواہ کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا،وائس چانسلر نے ٹورازم اینڈ ہاسپٹلٹی کے ہیڈ ڈاکٹر انس محمود عارف کو سیمینار کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔