Live Updates

جعلی حکومت نے رات کی تاریکی میں ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرا دیا

پی ٹی آئی دور میں پٹرول صرف 150 روپے فی لیٹر مل رہا تھا، جعلی حکومت نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 1 اکتوبر 2025 19:01

جعلی حکومت نے رات کی تاریکی میں ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرا دیا
پشاور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم اکتوبر 2025ء ) مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جعلی حکومت نے رات کی تاریکی میں ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ جعلی حکومت کے مہنگائی پر قابو پانے کے دعووں کی نفی ہے، پٹرول مہنگا کرنے کا مطلب مہنگائی کا نیا طوفان برپا کرنا ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اشیائے خوردونوش سمیت ہر چیز کو مہنگا کر دیتا ہے، عمران خان  کے دور میں پٹرول صرف 150 روپے فی لیٹر مل رہا تھا،اسی طرح اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی موجودہ دور کے مقابلے میں آدھے سے زیادہ کم تھیں، جعلی حکومت نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک اور طوفان آنے والا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی قرار دیتے ہوئے اس فیصلے پر شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ حکومت نے ایک بار پھر اپنی نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مستحکم یا نیچے جا رہی ہیں، مگر پاکستان میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل لوٹا جا رہا ہے ۔

یہ اضافہ کسی معاشی اصلاح کا حصہ نہیں بلکہ کھلی زیادتی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگا۔ ٹرانسپورٹ کرایوں سے لے کر اشیائے خوردونوش اور روزمرہ کی تمام ضروریات کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی، جس کا براہِ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت یہ بوجھ صرف ایندھن کی قیمتوں تک محدود نہیں رکھے گی، بلکہ اسے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے بلوں میں بھی شامل کیا جائے گا، جس سے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات