بھارت کی آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے کی کوششیں بے نقاب

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے کی ایک اور مذموم کوشش بے نقاب ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، بھارتی میڈیا آزاد کشمیر میں ہونے والے عوامی احتجاج کو منفی اور ڈرامائی انداز میں پیش کر کے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔بھارتی میڈیا مصنوعی ذہانت (AI) اور پرانی یا جعلی ویڈیوز کا سہارا لے کر کشمیری عوام کے جذبات کو بھڑکانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔

احتجاج کی حقیقی نوعیت کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کا اصل مقصد بھارت کے داخلی اور خارجی سیاسی مفادات کی تکمیل ہے۔رپورٹس کے مطابق، بھارتی چینلز عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو غلط سیاق و سباق میں پیش کر کے غیر حقیقی اور سنسنی خیز بیانیہ گھڑ رہے ہیں، تاکہ عالمی رائے عامہ کو گمراہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

تاہم، کشمیری عوام نہ صرف ان جھوٹے پروپیگنڈوں کو بارہا مسترد کر چکے ہیں بلکہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور وابستگی کو ہر موقع پر دوہرایا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ منفی میڈیا مہم نہ صرف اس کی صحافتی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ اس سے اس کے عزائم بھی بے نقاب ہو رہے ہیں۔پاکستانی حکام اور کشمیری قیادت نے بھارتی میڈیا کی ان حرکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں سے نہ ماضی میں کشمیریوں کو جھکایا جا سکا، نہ اب کوئی تبدیلی آئے گی۔