پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبان کا زمونگ کور ڈیرہ اسماعیل خان کیمپس کا دورہ

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:48

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبان نے زمونگ کور ڈیرہ اسماعیل خان کیمپس کا دورہ کیا۔ پشاور ہائی کورٹ کے معزز ججز محترمہ جسٹس فرح جمشید اور جسٹس جناب انعام اللہ خان مروت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم زمونگ کور کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل رجسٹرار جناب عثمان ولی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

محترمہ جسٹس فرح جمشید صاحبہ نہ صرف ہائی کورٹ کی سطح پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں بلکہ اس میں قابل ذکر امر یہ ہے کہ وہ یتیم بچوں کے فلاحی اداروں اور بے سہارا خواتین کے لیے قائم کردہ مراکز جیسے دارالامان اور زمنگ ہومز سے متعلق کمیٹیوں کی بھی سربراہی کر رہی ہیں، جس سے ان کی عدالتی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ہائی کورٹ کی سطح پرخدمت کے میدان میں بھی گہری وابستگی اور عزم نمایاں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

معزز ججز نے دورے کے دوران بچوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور خدشات کو سنا اور ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ادارے میں بچوں کی تعلیم، تربیت اور دیکھ بھال کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہترین پرورش ہی معاشرے کی ترقی کی حقیقی بنیاد ہے۔انتظامیہ نے جسٹس صاحبان کو ادارے کے طریقہ کار اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا، جس پر جسٹس فرح جمشید اور جسٹس انعام اللہ خان نے سرکاری سطح پر مزید اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔\378

متعلقہ عنوان :