فیصل آباد میں پیرا فورس باقاعدہ طور پر فعال ،ذخیرہ اندوزوں اور تجاوزات مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں ہونگی

بدھ 1 اکتوبر 2025 19:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) فیصل آباد میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی فورس (پیرا) باقاعدہ طور پر فعال کر دی گئی۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں کمانڈ پریڈ(سلامی) کی تقریب منعقد ہوئی۔پیرا فورس کے چاک و چوبند دستے نے ڈپٹی کمشنر،چیئرمین پیرا فورس فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل فضل عباس، ہیڈکوارٹر زینب جہانداد، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر طیب گیلانی،اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا فورس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے لئے پیرا فورس کا قیام ایک انقلابی قدم ہے۔

(جاری ہے)

پیرا فورس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور تجاوزات مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینا، گراں فروشی کا خاتمہ، ناجائز تجاوزات کو ختم کرنا اور عوامی سہولت کی فراہمی پیرا فورس کی اولین ترجیحات ہیں۔ شہریوں کے مسائل اور زمینوں کے کیسز مختصر وقت میں حل کئے جائیں گے تاکہ عوام کو فوری انصاف مل سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیرا فورس کے جوان نظم و ضبط اور جذبہ خدمت سے سرشار ہیں۔ یہ فورس عوامی خدمت اور قانون کی عملداری میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔