لاڑکانہ،سندھ حکومت کی 35 ویں نیشنل گیمز کے لیے کھلاڑیوں کے ٹرائلز شروع کرنے کی منظوری

بدھ 1 اکتوبر 2025 20:55

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) سندھ حکومت نے 35 ویں نیشنل گیمز کے لیے کھلاڑیوں کے ٹرائلز شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری کھیل منورعلی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، سیکشن آفیسر اے ڈی گوپانگ، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے احمد علی راجپوت اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں 35 ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر کھیل نے بتایا کہ نیشنل گیمز 6 سے 13 دسمبر تک کراچی میں منعقد ہوں گے، جن میں 32 کھیلوں کے مقابلوں میں 9 ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کے ٹرائلز 20 اکتوبر تک سندھ کے تمام ڈویژنوں میں جاری رہیں گے، جبکہ فائنل ٹرائلز کراچی میں منعقد کیے جائیں گے۔

وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ تمام ٹرائلز مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 35 ویں نیشنل گیمز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور افتتاحی تقریب شایان شان طریقے سے منائی جائے گی۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے سندھ حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور قومی سطح پر ہونے والے اس ایونٹ میں شاندار انتظامات کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :