کین ولیمسن اور نیتھن سمتھ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے کیوی سکواڈ میں شامل

پیر 20 اکتوبر 2025 12:50

کین ولیمسن اور نیتھن سمتھ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے کیوی سکواڈ ..
آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کین ولیمسن اور آل راؤنڈر نیتھن سمتھ کو انگلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔کین ولیم سن گزشتہ ایک ماہ سے ایک معمولی طبی مسئلے کے باعث کرکٹ سے دور تھے اور اسی وجہ سے وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور زمبابوے کے دورے میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔

اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو کر دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ راب والٹر نے کین ولیم سن اور نیتھن سمتھ کی واپسی کو ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔والٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کین ولیم سن اور نیتھن سمتھ دونوں نے اپنی انجری اور بیماری سے نجات کے لیے سخت محنت کی ہے۔

(جاری ہے)

کین کی مہارت، تجربہ اور قیادت ٹیم کے لیے بے حد قیمتی ہے۔

نیتھن سمتھ نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہونے کے بعد طویل بحالی کا عمل مکمل کیا ہے۔27 سالہ آل راؤنڈر نیتھن سمتھ نے کہا کہ وہ اب مکمل فٹ ہیں اور سیزن کے لیے تیار ہیں۔ ستمبر سے میں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہا تھا اور اب فٹنس حاصل کر چکا ہوں۔ٹیم کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر مچل سینٹنر کے سپرد کی گئی ہے جو حالیہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔

دیگر اہم کھلاڑیوں میں مائیکل بریسویل، راچن رویندرا، ڈیون کونوے، ٹام لیتھم، اور میٹ ہنری شامل ہیں۔ فِن ایلن (پاؤں کی انجری)، لاکی فرگوسن (ہیمسٹرنگ)، ایڈم ملنے (ٹخنے کی تکلیف)، ول او رورک (کمر کی تکلیف)، گلین فلپس (گروئن) اور بین سیئرز (ہیمسٹرنگ) انجری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔ٹام لیتھم وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے، وہ بھی انجری سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

ٹیم میں شامل نئے چہروں میں کینٹربری کے آل راؤنڈر زیک فولکس بھی شامل ہیں، جنہوں نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اے کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان یہ سیریز 26 اکتوبر سے شروع ہو کر 1 نومبر تک جاری رہے گی۔انگلینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ کے ون ڈے سکواڈ میں مچل سینٹنر (کپتان)، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، زیک فولکس، میٹ ہنری، کائل جیمیسن، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، ڈیرل مچل، راچن رویندرا، نیتھن سمتھ، کین ولیم سن اور ول یانگ شامل ہیں۔