پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت نے عالمی سطح پر نئی کامیابیاں حاصل کرلیں

فیصل آباد، لاہور اور گجرانوالہ کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز معیار کی تیاری میں سر فہرست قرار

بدھ 1 اکتوبر 2025 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت نے عالمی سطح پر نئی کامیابیاں حاصل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی آٹھ فارما کمپنیوں نے عالمی معیار کے مطابق ادویات تیار کرکے بین الاقوامی سطح پر شناخت حاصل کی۔ فیصل آباد، لاہور اور گجرانوالہ کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز معیار کی تیاری میں سر فہرست قرار پائیں۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت، بین الاقوامی انسپیکشن سکیم اور برطانوی کمپنی کی سرٹیفیکیشن حاصل ہونے سے پاکستانی فارما انڈسٹری کی عالمی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ اس اقدام سے امریکہ، یورپ اور خلیجی ممالک سمیت اعلی معیار کی عالمی منڈیوں میں پاکستانی ادویات کی رسائی ممکن ہو گئی ہے۔فارما انڈسٹری کی یہ پیش رفت آئندہ پانچ سالوں میں 30ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول کی جانب اہم قدم ہے۔ ماہرین کے مطابق فارما صنعت کی عالمی کامیابی ملکی معیشت اور برآمدات پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے۔ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت عالمی منڈیوں میں ترقی کی جانب گامزن ہے۔