Live Updates

شہباز حکومت کا عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ

پٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کا تیل بھی مہنگا کر دیا گیا، اوگرا نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 21:32

شہباز حکومت کا عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2025ء) شہباز حکومت کا عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ، پٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کا تیل بھی مہنگا کر دیا گیا، اوگرا نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کے ساتھ ساتھ مٹی کا تیل بھی مہنگا کر دیا۔ اوگرا نے حکومتی فیصلے کے تحت مٹی کا تیل بھی مہنگا کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت 5 روپے 1 پیسے کے اضافے سے مٹی کے تیل کی نئی فی لیٹر قیمت 184 روپے 97 پیسے مقرر کر دی گئی۔

اس سے قبل مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 179 روپے 96 پیسے تھی۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت کا اطلاق 15 اکتوبر تک کیلئے ہو گا ۔ جبکہ واضح رہے کہ گزشتہ شب حکومت نے پٹرول اور ڈیزل بھی 15 دن کیلئے مہنگے کر دیے تھے۔ پڑول کی قیمت 4روپے 7 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی لیڑ اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارتِ خزانہ کے مطابق یکم اکتوبر 2025 سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 4 پیسے اضافے کے بعد 276 روپے 81 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح پٹرول کی قیمت 4 روپے 7 پیسے کے اضافے کے ساتھ 268 روپے 68 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ نئی قیمتیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اور متعلقہ وزارتوں کی تجویز پر مقرر کی گئی ہیں جو یکم اکتوبر 2025 سے نافذالعمل ہوں گی۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کا 3فیصد کرایہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں، آئے دن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ٹرانسپورٹرز میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز مزید نقصانات کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس کے علاوہ ٹرانسپورٹر یونینز جلد اہم اور بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کررہی ہے، دیگر ٹیکسز میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے، مشاورت جاری ہے جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات