سونے کی قیمت کو پَر لگ گئے، نئی قیمت 4 لاکھ 10 ہزار روپے سے بھی اوپر چلی گئی

ملک میں آج سونے کی قیمت میں 3 ہزار500 روپے کا اضافہ ہوا، تین روز میں سونا مزید 12 ہزار 578 روپے مہنگا، پچھلے ایک ماہ میں سونا 48 ہزار روپے سے زائد مہنگا ریکارڈ کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 1 اکتوبر 2025 19:27

سونے کی قیمت کو پَر لگ گئے، نئی قیمت 4 لاکھ 10 ہزار روپے سے بھی اوپر چلی ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ یکم اکتوبر 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ تین روز میں سونے کے نرخوں میں 12 ہزار 578 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ آج ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 3 ہزار500 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے باعث فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 10 ہزار 278 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

نئی قیمت 3 لاکھ 51 ہزار 747 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے ایک ماہ قبل 24 قیراط سونے کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 59 ہزار روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔ لیکن پچھلے ایک ماہ میں سونے کے نرخوں میں 48 ہزار روپے سے زائد اضافہ دیکھا گیا۔ دوسری جانب پاکستان نے اقوام متحدہ کو 2035ء تک کے نئے قومی ماحولیاتی اہداف بتا دیئے، مقصد کے حصول کیلئے 565 ارب 70 ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کا مطالبہ بھی کردیا۔

دستاویز کے مطابق 2035 تک پاکستان کاربن کا اخراج 2559 سے کم کرکے 1280 ملین ٹن تک لے آئے گا، کاربن کے اخراج میں اپنے وسائل سے 17 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ 35 فیصد کمی 565ارب 70 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ اور ٹیکنالوجی فراہمی سے مشروط ہے۔اگلے 10 سال کے دوران پاکستان میں 38 ہزار میگاواٹ قابل تجدید اور صاف توانائی کی شمولیت متوقع ہے۔ دستاویز کے مطابق پاکستان میں 2030 تک 30 فیصد نئی گاڑیاں الیکٹرک ہوں گی، 3 ہزار الیکٹرک چارچنگ اسٹیشنز قائم کرنا بھی اہداف میں شامل ہے۔