پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا فروخت کرنے والے 139 پلیٹ فارم پکڑے گئے

مقدمات درج اور ذمہ داروں کی گرفتاریوں کا دوسرا مرحلہ، ویب سائٹس، موبائل ایپس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس ملوث، پی ٹی اے نے تمام مشتبہ پلیٹ فارمز بلاک کر دیے

بدھ 1 اکتوبر 2025 20:40

پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا فروخت کرنے والے 139 پلیٹ فارم پکڑے گئے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کے حساس ڈیٹا کی فروخت کے معاملے میں 139 پلیٹ فارمز ملوث نکلے۔ این سی سی آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے تمام پلیٹ فارمز کی نشاندہی کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیٹا فروخت میں ویب سائٹس، موبائل ایپلیکیشنز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تحقیقات میں 18 موبائل ایپس، 17 ویب سائٹس، 2 یوٹیوب چینلز، 75 فیس بک، 10 انسٹاگرام، 12 ٹیلی گرام اور 10 ٹک ٹاک اکاؤنٹس ملوث پائے گئے۔

اس کے علاوہ حساس ڈیٹا ایک واٹس ایپ گروپ کے ذریعے بھی فروخت کیا جا رہا تھا۔تفتیشی ٹیم کی سفارش کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے تمام مشتبہ پلیٹ فارمز بلاک کر دیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں مقدمات درج کر کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری اور ان سے حساس ڈیٹا کی تفتیش کی جائے گی۔