پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا تاریخی سنگ میل، ہارون جنرل یو سی آئی لیول 3 کوچنگ ڈپلومہ کے لیے منتخب

جمعرات 2 اکتوبر 2025 10:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے اعلان کیاہے کہ ملک کی کھیلوں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک پاکستانی کوچ ہارون جنرل کو یو سی آئی لیول 3 کوچنگ ڈپلومہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے جو کہ یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل (یو سی آئی) کی جانب سے بین الاقوامی سطح کی ایک انتہائی اعلیٰ ترین کوچنگ سرٹیفیکیشن ہے۔

جمعرات کو پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ایک ماہ پر مشتمل خصوصی پروگرام ایگل سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگا جہاں ہارون جنرل کو پیشہ ورانہ سائیکلنگ کے جدید تکنیکی، ٹیکٹیکل، اور اسٹریٹجک پہلوؤں کی تربیت دی جائے گی۔ وطن واپسی پر وہ اپنی اس عالمی معیار کی مہارت کو پاکستان کی مقامی سائیکلنگ کمیونٹی تک منتقل کرتے ہوئے ملکی کوچنگ کے معیار کو مزید بہتر کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو مزید مستحکم کریں گے۔

(جاری ہے)

اسی جذبے کے تحت پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے ملک بھر کے ابھرتے ہوئے کوچز کے لیے لیول ون کوچنگ کورس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی معیار کی تربیتی حکمتِ عملیاں نچلی سطح پر روشناس کرانا ہےتاکہ پاکستان میں ایک منظم اور ترقی یافتہ کوچنگ ڈھانچے کی بنیاد رکھی جا سکے۔یہ انقلابی اقدامات پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ وہ صلاحیتوں کی نشوونما، پیشہ ورانہ معیار کے فروغ اور پاکستان کو بین الاقوامی سائیکلنگ کی دنیا میں ایک نمایاں قوت بنانے کے لیے سرگرم ہے۔