سعید خان لوند کے علاقے میں فوڈ پوائزننگ کے واقعے کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی

جمعرات 2 اکتوبر 2025 15:51

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) انڈس میڈیکل کالج ہسپتال، ٹنڈو محمد خان کی جانب سے ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی اور چیف ایگزیکٹو و چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال میمن کی ہدایت پر سعید خان لوند کے علاقے میں فوڈ پوائزننگ کے واقعے کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ٹنڈو محمد خان کے ضلعی صدر ایم پی اے سید اعجاز حسین شاہ بخاری اور ضلعی جنرل سیکریٹری ایم پی اے خرم کریم سومرو نے بھی بھرپور تعاون کیا۔

انڈس میڈیکل کالج ہسپتال کے گاسٹروانٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم، جس میں پوسٹ گریجویٹس، ہاس آفیسرز اور پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر محامن احمد شامل تھے، فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچی۔ مریضوں کا معائنہ گاسٹروانٹرولوجی کنسلٹنٹس ڈاکٹر فیضان علی میمن اور ڈاکٹر مدیحہ ذکی نے کیا۔

(جاری ہے)

کل 20 مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 6 مریضوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت تھی۔

ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی، ایم پی اے سید اعجاز حسین شاہ بخاری، ایم پی اے خرم کریم سومرو اور ڈاکٹر محمد اقبال میمن کی خصوصی ہدایات پر ان مریضوں کو انڈس میڈیکل کالج ہسپتال، ٹنڈو محمد خان میں بلا معاوضہ داخل کیا گیا۔ بروقت اقدام ضلعی انتظامیہ، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور انڈس میڈیکل کالج ہسپتال کی اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ عوام کو ہر ہنگامی صورتحال میں فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کریں گے۔